چینی قونصلیٹ پر حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی‘ ”را“ ملوث ہے : کراچی پولیس چیف

کراچی (کرائم رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے میں کالعدم بی ایل اے کی دہشت گردوں نے حملہ آوروں کی معاونت کی جبکہ حملے کی منصوبہ بندی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی سمیت افغانستان ملوث ہے۔ ڈاکٹر امیر شیخ نے ڈی آئی جی ایسٹ آفس میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کی تحقیقات میں بہت سے نام سامنے آئے ہیں اور واقعے میں ملوث کئی ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا دہشت گرد بلوچستان اور کراچی میں موجود تھے جبکہ حملے کے سہولت کار ملزمان مختلف وقتوں میں چینی قونصلیٹ میں آکر بیٹھ کر ریکی کرتے رہے۔ ریکی کرنے والے ملزمان زیادہ تر ویزا سیکشن میں آکر بیٹھتے تھے اور جائزہ لیتے تھے حملہ آور ملزمان اگست سے نومبر تک کراچی آتے جاتے رہے۔ کراچی پولیس چیف نے بتایا حملے کی منصوبہ بندی اسلم اچھو گروپ نے افغانستان میں کی تھی۔ انہوں نے کہا چائنیز قونصلیٹ پر حملے کو تمام اداروں نے ناکام بنایا۔ منصوبہ سازوں کے حوالے سے تفتیش کی گئی اور 5 منصوبہ سازوں کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا ملزمان نے کارروائی کیلئے اسلحہ ریلوے کے ذریعے کراچی پہنچایا اور دہشت گردوں نے کارروائی کیلئے بلدیہ ٹاﺅن کے ایک گھر میں ٹھہرے تھے۔ انہوں نے کہا حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی جبکہ بھارتی ایجنسی ”را“ بھی ملوث ہے۔ حملے کا ماسٹر مائنڈ اسلم اچھو افغانستان میں مارا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا دہشت گردوں نے جعلی شناختی کارڈ بنوارکھے تھے۔
کراچی پولیس/ چیف

ای پیپر دی نیشن