چیئرمین پیمرا کا ریجنل آفس لاہور کا دورہ انڈین مواد کی نشریات پر مکمل پابندی کے احکامات

Jan 12, 2019

لاہور (پ ر) چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے ریجنل آفس لاہور کا دورہ کیا۔ ریجنل جنرل منیجر عائشہ منظور وٹو نے لاہور ریجن کی لائسنسنگ قوانین کے نفاذ اور دیگر عملی و پیشہ وارانہ سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا کو پیمرا فیلڈ سٹاف کی دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ڈیٹی ایچ اور چینلز کیخلاف جاری مہم کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین پیمرا نے اس بات پر زور دیا کہ ریجنل آفس کو مزید فعال بناتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے اور پیمرا قوانین اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں انڈین مواد کے خاتمے سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس حوالے سے کیبل آپریٹرز اور ٹی وی چینلز کے کردار اور تعاون کو سراہا۔ اس دورے کے موقع پر چیئرمین پیمرا نے لاہور کے کیبل آپریٹرز کے وفد سے بھی ملاقات کی اور تلقین کی کہ وہ اپنی نشریات کو قوانین کے مطابق ڈھالیں اور انڈین مواد کی نشریات کو مکمل طور پر بند رکھنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر کیبل آپریٹرز نے چیئرمین پیمرا کو ڈیجٹلائزیشن کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے مسائل سننے کے بعد ہرممکن تعاون اور حل کی یقین دہانی کرائی۔ حالیہ دورے کے دوران ہال روڈ لاہور کے ٹریڈرز اور امپورٹرز کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے چیئرمین پیمرا نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ان کے تمام جائز مسائل خاص طور پر الیکٹرانک میڈیا سے متعلق سامان کی درآمد کے حوالے سے تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور اس ضمن میں طریقہ کار کو مزید سہل کرنے کا یقین دلایا۔

مزیدخبریں