بیجنگ(اے پی پی)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے بیجنگ میں افغان صدر کے قومی سلامتی کے مشیر حمداللہ محب نے ملاقات کی۔چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق وانگ یی نے کہا کہ چین اور افغانستان روایتی دوست پڑوسی ممالک ہیں۔چین قومی امن و امان کے تحفظ ،افغان عوام کی قیادت میں اور افغان عوام کے لیے سیاسی مفاہمت کے عمل کو فروغ دینے کے لیے افغان حکومت کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا چین کا ہمیشہ سے یہ خیال رہا ہے افغانستان کے تمام امور کا فیصلہ افغان عوام کریں اور افغانستان سے متعلق معاملات کے لیے افغان اقتدار اعلی ، افغان عوام کی خواہشات اور حکومت کے کردار کا احترام کیا جانا چاہیئے۔چین افغانستان میں مفاہمت اور پرامن تعمیر نو کے عمل کے لیے ہر ممکن حمایت فراہم کرتا رہے گا۔حمداللہ محب نے کہا افغانستان علاقائی امن و امان کے فروغ میں چین کی جانب سے تعمیری نوعیت کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اگلے مرحلے میں افغان صورت حال کی بہتری کے حوالے سے چین سے قریبی روابط برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔