اسلام آباد (وقائع نگار) تھانہ کھنہ کے علاقہ پنڈوریاں سے اغواء ہونے والی گیارہ سالہ بچی کے کیس میں پولیس نے وفاقی پولیس کے اے ایس آئی کے بیٹے اور اس کے دوستوں کو گرفتار کرنے کے بعد ان کی نشاندہی پر بچی کو بازیاب کرلیا ہے۔ مغویہ بچی کا آج بروز جمعہ علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت سے بیان ریکارڈ کرایا جائے گا۔ پولیس نے پیٹی بھائی کے صاحبزادے کو بچانے کے لئے مدعی پارٹی پر دبائو ڈالنا شروع کردیا ہے۔معلوم ہواہے کہ پنڈوریاں کے رہائشی غریب ریڑھی بان خانی زمان کی گیارہ سالہ بیٹی انسہ 8 جنوری کو دکان پر گئی اور پراسرار طورپر لاپتہ ہوگئی۔مغویہ کے ورثاء کی درخواست پر تھانہ کھنہ پولیس قانونی کارروائی کے سلسلے میں ٹال مٹول سے کام لیتی رہی بعدازاں وقوعہ کے اگلے روز واقعہ کا مقدمہ نمبر 11/2019 بجرم 364اے درج کرکے مدعی کے پڑوسی وفاقی پولیس کے اے ایس آئی پرویز کے بیٹے ارسلان عرف قینچی اور اس کے تین دوستوں کو گرفتار کرلیا۔بتایا گیا ہے کہ دوران تفتیش پولیس نے دو لڑکوں کو شخصی ضمانت پررہا کردیا۔تاہم ملزم ارسلان اور اس کے ساتھی کی نشاندہی پر پولیس نے جمعرات کے روز کھنہ کے علاقے سے مغویہ بچی کو بازیاب کرلیا۔جسے آج جمعہ کے روز علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں بیان ریکارڈ کرانے کے لئے پیش کیا جائے گا۔مغویہ کے ورثاء کے مطابق پولیس بچی کے میڈیکل نہ کرانے اور کیس سے پیچھے ہٹنے کے لئے دبائو ڈال رہی ہے اورالٹا مقدمے درج کرانے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔متاثرہ خاندان نے وزیرمملکت برائے داخلہ،آئی جی اور ایس ایس پی اسلام آباد سے نوٹس لیتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
راولپنڈی‘ پنڈوریاں سے اغواء ہونے وا لی بچی بازیاب‘ ملزمان گرفتار
Jan 12, 2019