اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گی

Jan 12, 2019 | 11:22

ویب ڈیسک

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گی۔ماریہ اسپینوزا کی ترجمان مونیکا گریلے نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ جنرل اسمبلی کی صدر حکومت پاکستان کی درخواست پر 18سے 22 جنوری کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گی۔ترجمان نے بتایا کہ ستمبر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ ایشیا کا ان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔مونیکا گریلے کے مطابق جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ اسپینوزا دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم عمران خان، صدر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کریں گی۔ترجمان کے مطابق ماریہ اسپینوزا پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور کثیرا لجہت مقاصد کے فروغ کے حوالے سے پرامید ہیں۔اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں ماریہ اسپینوزا کے دورہ پاکستان کی تفصیلات بتائیں۔ملیحہ لودھی کے مطابق جنرل اسمبلی کی صدر کو عالمی، علاقائی معاملات اور کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ وہ خواتین اراکینِ اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گی۔واضح رہے کہ 8سال بعد جنرل اسمبلی کا کوئی صدر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

مزیدخبریں