کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، گلشن حدید، ایئرپورٹ، نیو ملیر، اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد اور بلدیہ ٹاؤن میں بونداباندی سے موسم سہانا ہوگیا۔ فیڈرل بی ایریا کے بعض علاقوں اور عباس ٹاؤن میں بھی علی الصبح پھوار پڑی جس سے شہر قائد کا موسم قدرے سرد ہو گیا۔ شہرکے زیادہ ترعلاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے گزشتہ روز کراچی میں بارش ہونے کی پیشن گوئی کی گئی تھی، تاہم دن بھر ابر اور دھوپ چھاؤں کا سماں رہا، تاہم رات میں ٹھنڈی ہواؤں نے شہر کو لپیٹ میں لے لیا اور شہرمیں رات گئے قدرے خنکی بڑھ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بونداباندی کا امکان ہے۔کراچی میں شمال مشرق سے ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا، بادل برسنے سے ٹھنڈ کی شدت بڑھ گئی ہے۔کوئٹہ میں برف باری بھی ہوئی ہے اور اس سے پہلے بارش ہوتے ہی 5فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی،سکھر میں بھی ہلکی بارش ہوئی ہے۔مری میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لوگوں نے برف باری کا بھرپور لطف اٹھایا، دیر بالا جہاں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، ہر طرف برف ہی برف ہے۔آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں برف باری جاری ہے، وادی کے بالائی علاقے کیل شاردہ گریس میں 2 فٹ سے زیادہ برف گرچکی ہے جبکہ ضلعی ہیڈ کوارٹر اٹھ مقام اور گردونواح میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔اْدھر نکیال اور گرد و نواح میں تیز بارش جاری ہے، بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، چترال میں لواری کے مقام پر برفباری کے باعث لواری ٹنل ا?مد و رفت بند کردی گئی ہے۔لواری پر دو فٹ تک برف پڑچکی ہے، کوہستان میں برفانی تودہ گرنے سے شاہراہ قراقرم ٹریفک کیلئے بند ہو گئی۔بلوچستان کے علاقے حب اور گرد و نواح میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے دوران 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش, موسم سہانا ہوگیا
Jan 12, 2019 | 11:41