نیب آرڈیننس پرمشاورت کیوجہ سے احتساب کے جاری عمل پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ‘ہمایوں اختر

Jan 12, 2020

اسلام آباد ( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئرمرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس پرمشاورت کے دوران اینٹی کرپشن کی شق پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ،نیب کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات بائنڈنگ نہیں ہیں تاہم انہیں یقینی طور پر زیرغورلایاجائے گا ،2020مدینہ کی ریاست کے قیام کی جانب پیشرفت ، انڈسٹری کی بحالی اور روزگارکی فراہمی کا سال ثابت ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفترمیں پارٹی رہنمائوںکے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ہمایوں اختر خان نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) نے اپنے دور میں نیب قانون میں موجود سقم دور کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے اور ہماری حکومت اس سلسلہ میں آگے بڑھی ہے اور مشاورت کے عمل میں اپوزیشن کو بھی شامل کیاگیا ہے، نیب قانون میںموجود نقائص کو مشاورت سے دور کیاجائے گا لیکن یہ طے ہے کہ اس کی آڑ میںاینٹی کرپشن کی شق اور احتساب کے جاری عمل پرکوئی سمجھوتہ نہیںہوگا۔انہوں نے کہا اگر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس پر بات چیت سے تحریک انصاف کی احتساب کے خلاف جدوجہد ختم ہو جائے گی اور کرپشن کرنے والوںکو چھوٹ مل جائے گی تو ایساممکن نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے مسائل کے حل اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے جتنے اقدامات اٹھائے ہیںماضی میں اس کی مثال نہیںملتی اور انشا اللہ 2020کامیابیوں کا سال ثابت ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن)میں قیادت کا بحران ہے اور یہ مستقبل کے حوالے سے ہے ۔ہم نہیں چاہتے کہ اپوزیشن میدان سے باہر ہو جائے لیکن اب یہ جماعتیں اپنے ماضی کے ساتھ مستقبل کی سیاست نہیں کر سکتیں ۔

مزیدخبریں