پاک فوج نے وادی لیپہ میں پھنسے 60 مسافروں کو ریسکیو کر لیا

Jan 12, 2020 | 12:28

ویب ڈیسک

اسلام آباد(صباح نیوز)آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں لمنیاں روڈ پر برفانی تودہ گرنے سے 10گھنٹوں تک شدید سردی میں پھنسے 60 سے زائد مسافروں کو پاک فوج نے ریسکیو کر لیا ہے،جبکہ بلوچستان، کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں برفانی تودہ گرنے سے سڑک بلاک ہو گئی تھی اور 15 سے زائد گاڑیاں پھنس گئی تھیں جن میں 60 سے زائد افراد موجود تھے، تاہم پاک فوج نے امدادی کارروائی انجام دے کر ان تمام پھنسے ہوئے افراد کو نکال لیا ہے۔بلوچستان، کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، متعدد بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔کراچی میں  آج (پیر ) سے سردی کی نئی لہر شروع ہو رہی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں 23 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ہے۔ادھر بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔وادی کوئٹہ اور گرد و نواح، زیارت، کان مہتر زئی، مسلم باغ، پشین، مستونگ اور قلات میں شدید برف باری جاری ہے، جس کے باعث ان علاقوں میں شاہراہیں بند ہو گئی ہیں۔وادی کوئٹہ کی سڑکیں، گلیاں، مکانوں کی چھتیں، درخت، پہاڑ سمیت ہر شے برف سے ڈھک گئی۔بارش سے بلوچستان بھر کے ندی نالوں میں طغیانی کی کیفیت ہے، مسلسل بارش سے کوئٹہ تفتان ریلوے ٹریک پر ٹریفک متاثر ہوا ہے۔پشین، ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی کے اضلاع میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔کوژک ٹاپ پر شدید برف باری سے کوئٹہ سے زیارت، چمن اور اسلام آباد شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہو گئیں۔

مزیدخبریں