اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم 20 جنوری کو تاجروں کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم تاجروں کیلئے مراعات کا اعلان کریں گے۔ وزیراعظم تاجروں سے ڈاکومنٹیشن اور ٹیکس ادائیگی پر تعاو ن مانگیں گے۔ وزیراعظم تاجر برادری کو دی گئی رعایتوں کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ دریں اثناء چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی 19 جنوری تک رخصت پر ہیں اور 20 تاریخ کو کنونشن میں شمولیت کریں گے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر سید شبرزیدی کے وزیراعظم اور مشیر خزانہ کے ساتھ کسی بھی معاملے میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر 19 جنوری تک رخصت پر ہیں وہ اپنے معمول کے میڈیکل چیک اپ کیلئے کراچی میں موجود ہیں۔ تاجروں کے کنونشن سے وزیراعظم خطاب کریں گے اس سلسلے میں کنونشن کے کارڈز بھی ان کی طرف سے جاری کئے جاچکے ہیں۔ وزیراعظم یا حکومتی معاشی ٹیم سے اختلافات کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔