اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، این این آئی) ترکی کے وزیر خارجہ جبولوت چاونش اولو نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ترک وزیر خارجہ نے کوئٹہ کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی اور شاہ محمود قریشی سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ترک وزیر خاجہ نے ترکی کی طرف سے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ترک وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ عراق کے بعد اپنے تجزیئے سے شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کو عراقی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطے سے آگاہ کیا۔ جبولوت چاوش اولو نے ایران امریکہ کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور خطے یں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں پر مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات صحیح راستے پر چل رہے ہیں جبکہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان کا ملائیشیا کا دورہ بھی آئندہ ماہ متوقع ہے۔اپنے بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ خطہ مزید کسی کشیدگی یا لڑائی کا متحمل نہیں ہو سکتا اور پاکستان کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایران روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ ایرانی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تہران کے د ورے پرایرانی قیادت سے ملاقات کروں گا۔ ایران کے موقف کوسمجھنے کی کوشش کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ دورہ سعودی عرب میں ہم منصب سے ملاقات ہوگی۔ ایران اور سعودی عرب دونوں جگہ ملاقاتوں میں پاکستانی مؤقف سامنے رکھوں گا۔ امریکی صدر ٹرمپ کے بیان سے امید کی کرن دکھائی دی ہے۔ عراقی وزیرخارجہ سے بھی ملاقات کر وں گا۔
شاہ محمود کو فون: امن کیلئے پاکستانی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں: ترک وزیر خارجہ
Jan 12, 2020