لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے ملاقات کی۔ اتحاد و یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں کوئٹہ خودکش حملے کی شدید مذمت، شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ میں خودکش حملہ ہر لحاظ سے قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ بے گناہ اور معصوم نمازیوں پر حملہ کرنے والے ہرگز مسلمان نہیں ہو سکتے۔ مساجد میں حملے کرنے والے مسلمانوں کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ ہر انسان کی جان کی قدر و منزلت ہے، قتل گھنائونا اور ناقابل معافی اقدام ہے۔ علمائے کرام ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ پاکستان کی یکجہتی، سلامتی اور استحکام میں علمائے کرام کا کردار ملکی تاریخ کا روشن باب ہے۔علمائے کرام اور مشائخ عظام فرقہ وارانہ عصبیت سے پاک اسلامی بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کیلئے بھرپور کاوشیں کریں۔ پاکستان اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ نریندر مودی کی جانب سے کشمیر یوں پر ظلم سے خطہ میں امن کو بڑا دھچکا لگا۔ عالمی برادری کو پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے میں بنیادی کردار ادا کرنا چاہیے۔ پوری دنیا میں نریندرمودی کی سیاست کا بھیانک چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ عثمان بزدارنے ڈی جی پی آر کے ڈائریکٹر ایڈمن ارشد سعید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار سے وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس شبیر علی قریشی نے ملاقات کی۔ وزیراعلی نے کہاکہ کم آمدن والے افراد کیلئے کم لاگت کے گھر وں کی تعمیر کا منصوبہ تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔ پنجاب کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں لیڈ لے گا۔پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے مثبت اورتعمیری سیاست ضروری ہے۔ حالات کے پیش نظر اپوزیشن کو پوائنٹ سکورنگ سے گریز کرنا چاہیے۔ پاکستانی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے۔ معیشت کی مضبوطی سے عوام کی مشکلات پر قابو پا لیں گے۔ ماضی کے حکمرانوں نے غریب عوام کا سوچنے کی بجائے اپنی جیبیں بھرنے پر توجہ دی۔ تبدیلی ہر محکمے اور ادارے میں نظر آئے گی۔
معیشت کا پہیہ چل پڑا عوام کی مشکلات پر قابو پالیں گے: عثمان بزدار
Jan 12, 2020