لاہور(نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ ہمارا مسئلہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نہیں، حکومت نے خود عدالت میں سمریاں بھیج کر معاملے کو پیچیدہ بنایا۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہمارا مسئلہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ نہیں اس پر سیاست نہیں کرنا چاہتے یہ قومی مفاد کا مسئلہ تھا، حکومت نے خود عدالت میں سمریاں بھیج کر اس معاملے کو پیچیدہ بنایا، توسیع کے معاملے کو بے توقیر کرنے کی کوشش کی گئی۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو ووٹ دینے پر کہوں گا کہ کسی بھی جماعت یا شخصیت کا ایک بیانیہ ہوتا ہے ہم نے اپنے بیانیہ پر پورے ملک میں ملین مارچ آزادی مارچ کئے، جب حکومت توسیع کے معاملے پر سپریم کورٹ گئی دیکھا تو قانون ہی نہیں، جب ہم نے یہ دیکھا تو ہم نے قانون سازی میں حصہ نہیں لیا، ناجائز اسمبلی اور نااہل ہونے کے حوالے سے اپنے بیانیہ کو ترویج دی۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ نااہل حکمران کیوں قوم پر حکومت کریں آزادی مارچ میں عوام کا فیصلہ سامنے آ گیا تھا، قوم اس وقت اس پوزیشن میں ہے اسے قبر میں اتار دیا گیا ہے۔ ملک کو کہاں لے جانا چاہتے ہیں، حکمرانوں سے جان چھڑوانا قومی فریضہ بن چکا ہے، اگلے ماہ دوبارہ عوام میں آئیں گے اور احساس دلائیں گے کہ وہ اکیلے نہیں۔
حکمرانوں سے جان چھڑانا قومی فریضہ، اگلے ماہ پھر عوام میں آئیں گے: فضل الرحمن
Jan 12, 2020