کوئٹہ دھماکہ کے شہداء سپرد خاک، فضا سوگوار، مقدمہ درج، تحقیقات سی ٹی ڈی کے سپرد

Jan 12, 2020

کوئٹہ (صباح نیوز) کوئٹہ کے علاقے اسحاق آباد میں مسجد میں ہونے والے خود کش حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی سمیت 15افراد کی تدفین کردی گئی جبکہ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ میں درج کرلیا گیا ، تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے اسحاق آبادمیں مسجد کے اندر ہونے والے خودکش حملے میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ اداکی گئی جس کے بعد ہزاروں افراد کی موجودگی میں مختلف علاقوں میں تدفین کردی گئی۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق اسحاق آباد دھماکے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں نامعلو م افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے مقدمے میں انسداد دہشتگردی ، ایکسپلوزو ایکٹ، قتل ، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں ، دوسری جانب پولیس حکام نے بتایا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کردیا گیاہے مسجد سے ہفتہ کی صبح شواہد اکھٹے کئے گئے جبکہ خود کش حملہ آور کے اعضاء کو محکمہ داخلہ کی ہدایت کے مطابق شناخت کے لئے فرانزک لیبارٹری لاہور بھجوایا جائیگا، ترجمان سول ہسپتال کوئٹہ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے 12افراد تاحال زیر علاج ہیں جن میں سے 6کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تدفین کے موقع پر شہر کی فضا سوگوار رہی۔ خودکش حملے کی تحقیقات سی ٹی ڈی کو سونپ دی گئی ہیں جبکہ پولیس کے مطابق مدرسے کو سیل کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں