لاہور(کامرس رپورٹر) چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی معیشت کا اہم ترین جزو ہے اورملکی معیشت کے فروغ کیلئے تاجر برادری کا کردار ناگزیر ہے جو موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے; حکومت کاروبار کیلئے مناسب ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے اور صنعت و تجارت اور برآمدات کے فروغ کیلئے نجی شعبہ کے ساتھ مل کر کام کر نا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا ،چیئرمین سینٹ سے ملاقات کا مقصد تاجر برادری کیلئے پالیسی سازی کیلئے تجاویز پیش کرنا تھا۔ چیئر مین سینٹ نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے پرائیویٹ سیکٹر پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی معیار پر پورا اُترنے اور اپنی مصنوعات میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کریں۔ تاجر برادری برآمدات کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرے اور ان کے حل کیلئے حکومت کو آگاہ کرے۔ صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے چیئر مین سینٹ کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر نے رواں سال کو برآمدات کے فروغ کا سال قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ معاشی انڈیکیٹرز میں بہتری دیکھنے کے باوجود برآمدات پوٹینشل کی عکاسی نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینا ہو گا جس میں نئی مارکیٹوں کو شامل کرنے پرخصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سیکٹر کی برآمدات میں محض معمولی مارجن ہی حاصل کر پاتا ہے کیونکہ ہماری ایئرلائینوں میں جلد خراب ہونے والی مصنوعات کی ترسیل کا مناسب گنجائش نہیں ہے۔