مسقط،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،نمائندہ خصوصی) عمان کے سلطان قابوس 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، سلطان قابوس طویل عرصے سے بیمارتھے اور حالیہ دنوں میں ان کی طبیعت اچانک کچھ زیادہ ہی ناساز رہنے لگی تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سلطان قابوس نے 1970 میں عمان کا تخت سنبھالا تھا، عمان پر 50 برس حکمرانی کی۔تفصیلات کے مطابق سلطان قابوس خلیج فارس کے خطے میں ایک ممتاز ثالث تھے جنہوں نے امریکہ اور ایران کے مابین خفیہ مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی مذاکرات اور 2015 کے جوہری معاہدے طے پائے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سلطان قابوس پچھلے مہینے طبی علاج کے لیے بیلجیئم گئے تھے جس کے بعد سے ان کی صحت مسلسل ابتری کا شکار رہی تھی، اور بالآخر وہ انتقال کر گئے۔ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ مسقط کی جامع مسجد میں سلطنت آف عمان کے سلطان قابوس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی‘ جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔مرحوم سلطان قابوس بن سعید کے چچا زاد بھائی ہیثم بن طارق السعیدعمان کو عمان کا نیا سلطان مقرر کر دیا گیا ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیثم بن طارق السعید نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ عمان کے مرحوم سلطان قابوس بن سعید نے وفات سے قبل اپنے جاں نشیں کا اعلان نہیں کیا تھا تاہم اس حوالے سے ایک خفیہ وصیت کا ذکر کیا گیا ہے جس میں سلطان نے اپنے جاں نشیں کا نام تحریر کروایا۔وزیراعظم عمران خان نے سلطان قابوس کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا پاکستان بہترین اور قابل اعتماد دوست سے محروم ہو گیا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود نے سلطنت عمان کے حکمران سلطان قابوس کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سلطان قابوس کے انتقال پر عمانی بھائیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ سلطان قابوس کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں صدر نے کہا کہ عمان اوردنیا میں امن کے لئے سلطان قابوس کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا انہوں نے ایک سچے بھائی اور دوست کی طرح پاکستان اور عمان کے درمیان دوستی کو آگے بڑھایا اللہ تعالی انہیں جنت میں اعلی مقام عطا کرے۔
عمان: سلطان قابوس انتقال کر گئے، ہثیم بن طارق نئے حکمران: دوست سے محروم ہو گئے: عمران
Jan 12, 2020