وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ایم کیو ایم حکومت کا بہترین اور بااعتماد اتحادی ہے، اسدعمر کی سربراہی میں حکومتی وفد آج (پیر کو) ایم کیو ایم لیڈر شپ سے ملاقات کرے گا۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ سے بھی رابطہ کیا ہے۔وزیراعظم کی ہدایت پر سندھ کی مقامی لیڈر شپ بھی ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے مطالبات جائز ہیں، کیے گئے تمام وعدے وفا کریں گے۔وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کراچی ہمارا معاشی حب ہے، اس کو کسی صورت نظر انداز نہیں کرسکتے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے، اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے آج ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی کابینہ سے الگ ہونے کا اعلان کیا ہے۔سربراہ ایم کیو ایم نے شکوہ کیا کہ ہم نے اپنا ہر وعدہ پورا کیا، لیکن ہمارے ایک نقطے پر بھی اب تک پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
ایم کیو ایم بااعتماد اتحادی ہے، وعدے وفا کریں گے:وزیراعظم عمران خان
Jan 12, 2020 | 15:32