کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی گلگت بلتستان کے چیف آرگنائزر محمد صابر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چیف آرگنائزر شہزاد بیگ نے چئیرمین پی ایس پی سید مصطفی کمال اور صدر انیس قائم خانی سے پاکستان ہاوس میں ملاقات کی، جس میں سیاسی و تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سید مصطفی کمال نے کہا کہ پی ایس پی پاکستان کے ہر فرد کی آواز ہے، آج پارٹی کے پیغام کراچی سے گلگت بلتستان تک پھیل چکا ہے اور ہر گزرتے دن کیساتھ پی ایس پی مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔ قوم حکمرانوں اور اپوزیشن سے مایوس ہوچکی ہے، وزیراعظم اور وزرا اعلی کی سیاسی جماعتوں کو چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہو رہے ہیں جو ہماری سچائی اور قابلیت کا ثبوت ہے۔ کراچی سے کشمیر تک عوامی مسائل کا حل پی ایس پی کے پیش کردہ منشور میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ملک بھر کی عوام کو جذباتی نعروں سے نکل کر اپنے حقوق کے لیے کھڑا ہونا ہوگا ورنہ آئندہ آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے زمہ داران کو تلقین کی وہ پی ایس پی کے پیغام زیادہ سے زیادہ تعدادِ میں لوگوں تک پہنچائیں۔