لاہور (نوائے وقت رپورٹ) فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کو ہر ایشو پر ذلت آمیز ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، راجکماری، شہزادہ اور مولانا تاریخیں دینے کے بعد اب ہاتھ مل رہے ہیں۔معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہر ایشو پر ذلت آمیز ناکامی کے بعد اپوزیشن ٹولہ گھر کا رہا نہ گھاٹ کا، آرپار، استعفوں اور لانگ مارچ پر یوٹرن لیکر منی بدنام ہو چکی ہے، پی ڈی ایم کی منفی سیاست آر پار ہو چکی، استعفوں کی خالی پلیٹ ابھی تک ان کو منہ چڑھا رہی ہے، لانگ مارچ کی حسرت ارمانوں میں بہہ گئی ہے، خوفزدہ اپوزیشن اپنے کہے سے فرار چاہتی ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹولے کی حالت قابل رحم اور قابل ترس ہو چکی ہے، ان کا شرانگیز بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے، پہلے کرونا پر سیاست چمکانے کی کوشش کی گئی پھر بجلی کی فنی خرابی پر، حقیقت میں پی ڈی ایم میں پیدائشی ٹیکنیکل فالٹ ہے، اس ٹولے نے کرونا پھیلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔دریں اثناء فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ لاہور میں زیرو ویسٹ آپریشن یقینی بنانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سرگرم ہو گئے کوڑا اٹھانے کیلئے کنٹریکٹر کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ زیرو ویسٹ آپریشن کیلئے سرگم‘ کنٹریکٹر کا انتخاب کر لیا
ہر ایشو پر ناکامی‘ تاریخیں دینے کے بعد راجکماری، شہزادہ‘مولانا ہاتھ مل رہے ہیں: فردوس عاشق
Jan 12, 2021