کراچی(این این آئی)مقامی انسداد دہشتگردی عدالت نے چینی قونصل خانے پر حملے میں سہولت کاری کے الزام میں کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی(بی ایل اے) کے 5 کارندوں پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا،عدالت نے گواہان اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کر دیئے جبکہ آئندہ سماعت پر گواہان اور تفتیشی افسر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔۔پیرکوانسداد دہشتگردی عدالت کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے میں سہولت کاری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، ملزمان احمد حسنین، نادر خان، علی احمد، عبداللطیف اور اسلم کو عدالت میں پیش کیا گیا۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ عبداللطیف سمیت دو ملزمان اپنے جرم کا اعتراف کرچکے ہیں، ملزمان نے حملہ آوروں کو اسلحہ اور دھماکا خیز مواد فراہم کیا، ، ملزمان نے مجسٹریٹ کے روبرو زیر دفعہ 164 بیان قلمبند کرایا۔ ملزمان کو بھارتی خفیہ ایجنسی را اور بیرون ملک سے معالی معاونت حاصل تھی۔ ملزمان نے ہلاک دہشت گردوں کو سہولت فراہم کی حملہ آوروں کو اسلحہ اور دھماکا خیز مواد فراہم کیا جبکہ گرفتار ملزمان نے چینی قونصل خانے کی ریکی بھی کی۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے انٹر پول رابطہ کیا جائے گا، 15 مفرور ملزمان میں حربیار مری، علی داد بلیدی کمانڈر شریف شامل ہیں۔اس موقع پر عدالت نے سہولت کاری کے الزام میں کالعدم بی ایل اے کے 5 کارندوں پر فرد جرم عائد کردی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔
چینی قونصل خانے پر حملہ کیس، کالعدم تنظیم کے 5 کارندوں پر فرد جرم عائد
Jan 12, 2021