لاہور میں صفائی کی صورتحال غیر تسلی بخش، عوام مسائل کا حل چاہتے، افراتفری کی سیاست سے دلچسپی نہیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے ملاقات کی‘ جس میں باہمی دلچسپی کے معاملات‘ سیاسی و اہم امور اور محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ تعمیراتی شعبے سے متعلقہ این او سی کے حصول کیلئے جدید ون ونڈو سسٹم کی کامیابی کے بعد آن لائن پلیٹ فارم کا اجراء کیا ہے اور صوبے میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ای گورننس پر مبنی محکمانہ اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر زکوۃ و عشر شوکت علی لالیکا نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی اور محکمے کے امورسے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں پہلی بار حقیقی ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ عوام کی فلاح وبہبود کے لئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں۔ جنوبی پنجاب میں مزید پناہ گاہیںقائم کی جائیں گی اور لنگر خانے کھولے جائیں گے۔ عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے- ماضی میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کھوکھلے نعروں سے بہلایا گیا۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت میں لاہور میں صفائی کے لئے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے نئے کنٹریکٹرز کے انتخاب کے حوالے سے امور پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے کام کو مزید تیز کیا جائے۔ میں نے خود بھی لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے تاہم صفائی کے حوالے سے صورتحال تسلی بخش نہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی اور انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کریں اور صفائی کے پلان کی ڈیلی مانیٹرنگ کی جائے۔ متعلقہ حکام لاہور شہر کو صاف کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ لاہور شہر میں 5ہزار ٹن کوڑا کرکٹ فوری طور پر اٹھایاجائے اور شہر میں زیرو ویسٹ آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔صفائی کے انتظامات کے حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ صفائی کے لئے دن رات ایک کیا جائے۔ شہریوں کو صفائی کے حوالے سے شکایت نہیں ہونی چاہئے۔ نئے نظام کے حوالے  سے کمپنی کا بورڈ حتمی فیصلہ کرے۔ پہلے ہی بہت تاخیر ہوچکی، اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کرونا سے مکمل صحت یابی کے بعد باقاعدہ حکومتی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ مختلف اجلاسوں کی صدارت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ فلاح عامہ کے جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کر کے عوام کو ریلیف دیں گے۔ پائیدار ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ پی ڈی ایم کی بے مقصد تحریک اپنی موت آپ مر چکی ہے۔ عوام اپنے مسائل کا حل اور ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ کسی کو بھی افراتفری پھیلانے کی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں۔ عثمان بزدار نے نامور شاعر نصیر ترابی‘ سینئر کالم نگار یاسین وٹو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن