ایوانوں میں خواتین کی نمائندگی کے بغیر جمہوریت مکمل نہیں ہوتی: پرویز الہٰی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرپرسن پنجاب اسمبلی سٹینڈنگ کمیٹی جینڈر مین سٹریمنگ اینڈ وومن ڈویلپمنٹ عظمیٰ کاردار نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے وومن پروٹیکشن اور ہراسگی پر فوری کارروائی کرنے کے عمل کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا اہم جزو ہیں ان کو بھی آزادی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے، ملازمت کرنے اور ملکی ترقی میں حصے دار بننے کا حق حاصل ہے۔ اسلام نے بھی عورتوں کو حقوق دئیے ہیں اور معاشرے میں ان کے حقوق کو واضح بیان کرتا ہے۔ کسی ملک میں جمہوریت اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک ایوانوں میں عورتوں کی نمائندگی نہ ہو۔ چیئرپرسن عظمیٰ کاردار نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سٹینڈنگ کمیٹی کی پنجاب اسمبلی میں کارکردگی، سیف سٹی اتھارٹی وومن پروٹیکشن ایپ، وومن سمٹ پروگرام کی رپورٹیں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک، کینیڈین ہائی کمشنر اور پی ڈی ایم اے کے ڈی جی نے مشترکہ طور پر پاکستان میں خواتین کو ملکی سطح پر پروٹیکشن ایپ کے دائرہ کار میں لانے پر اتفاق کیا۔انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے ہراسگی کی اطلاع آنے پر 8 سے 10 منٹ کے اندر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین قومی اسمبلی سٹینڈنگ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن علی خان جدون نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے قومی اسمبلی سٹینڈنگ کمیٹی کے کئے جانے والے اقدامات پر علی خان جدون کی کاوشوں کو سراہا۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور ایم این اے مونس الٰہی نے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی حاجی نواز کھوکھر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کو فون کر کے ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم سب دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور آپ سب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ای پیپر دی نیشن