میرپورخاص(بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی تمام سیا سی جماعتیں حکومتی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں،پی ڈی ایم موجود ہ حکومت سے جان چھڑانے کی جدو جہد کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیلانی ہائوس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق وفاقی وزیر پیر آفتاب حسین شاھ جیلانی،رکن قومی اسمبلی شمیم آراء پہنور،صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ،رکن سندھ اسمبلی نور احمد بھڑگڑی ،رانا ہمیر سنگھ،نور علی شاہ،سرفراز راجڑ ،خیر النساء مغل اور دیگر بھی موجود تھے ۔نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے حکومت سے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے میں نے قومپرست جماعت کے رہنماء ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات کی ہے اور اب سندھ کی دیگر سیا سی جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقات کا ارادہ ہے وفاقی حکومت صوبائی خود مختاری کے خلاف ہے وہ این ایف سی ایوارڈ کو ختم کرنا چاہتی ہے ہمیں مردم شماری پر اعتراض ہے کیونکہ پنجاب میں ایک گھرانے کے سات افراد دکھائے گئے ہیں جبکہ سندھ میں گھرانے کے افراد کی تعداد پانچ رکھی گئی ہے اس طرح آبادی کم ہونے سے این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کا حصہ بھی کم ہوجاتا ہے ہم وقت سے پہلے انتخابات چاہتے ہیں عوام کو تحفظ دینا حکومت کا فرض ہے لیکن عمران خان نے ہزارہ برادری سے تعزیت نہیں کی بلکہ انکے ایک فرد کو سرکاری عمارت میں بلاکر بات کی ہے اور انہیں بلیک میلر کہا ہے اس وقت حکومت عوام دشمن بن چکی ہے این آر او کا مطلب نیازی ریموول آرڈینینس ہے جو ہم ان پر تھوپنا چاہتے ہیں۔
وفاقی حکومت عوام دشمن بن چکی: نثارکھوڑو
Jan 12, 2021