ملتان(نمائندہ نوائے وقت)پنجاب بھر میں سکول کھل گئے آن لائن کلاسز شروع کردی گئی ،،ہائی سکولز نہم اور دہم کلاس کے طلباء 18 جنوری کو حاضر ہوں گے۔تفصیل کے مطابق موسم سرماکی تعطیلات ختم ہونے پرسکول کھل گئے پنجاب حکومت کی جانب سے 18 جنوری 2021 سے سیکنڈری کلاسز اور 25جنوری سے تمام کلاسز کے تعلیمی سیشن کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیاگیا ہے تاہم آن لائن کلاسز کا آغاز کردیاگیا اس سلسلے میں سی ای او ریاض خان کا کہنا ہے کہ 11 جنوری سے 18جنوری 2021 تک سابقہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ہیڈ ٹیچرز اور درجہ چہارم ملازمین ریگولر حاضر ہوں گے جبکہ باقی ٹیچنگ سٹاف سوموار اور جمعرات کو پچاس فیصد کے حساب سے حاضر ہو گا۔ اس دورانیہ میں ایس آئی ایس پر ب فارم کا اندراج، اینٹی ڈینگی ایکٹیویٹیز، سکول/کمرہ جماعت کی صفائی، گھاس اور پودوں کی کانٹ چھانٹ اور ری اوپننگ کے حوالے سے کووڈ 19 کے ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات مکمل کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حاضری رجسٹرمرتب کرنے کے ساتھ بچوں کی فیس کی وصولی کے لئے واچرز جاری ہوسکیں گے۔ اساتذہ اوردرجہ چہارم کے ملازمین کے علاوہ طلباء کو 18 جنوری سے قبل سکولوں میں بلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ طلباء کی آمد سے قبل سکولوں کو کورونا، ڈینگی فری بنایا جائے گا، پہلے سکولوں میں ڈس انفیکشن سپرے کروایا جائے گا، ایس اوپیز کی چیکنگ کے لئے سی ای او ایجوکیشن دورہ کریں گے۔