لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن ( نارتھ ریجن) کے چیئرمین راجہ عتیق الرحمان عباسی نے مکئی کی درآمدپر ڈیوٹی اور ٹیکسز کو ختم کر نے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے فیڈ کی قیمتیں کم ہوں گی جس سے عوام کو سستا گوشت اور انڈے دستیاب ہو سکیں گے، پولٹری فارمرزتین سال سے اضافی پیداوار اور کرونا وائرس کے پھیلا ئوکی وجہ سے کاروباری خسارے کا شکار ہیں، حالیہ دنوں میں پولٹری فارمرز کو شدید نقصان ہو رہا ہے اور اگر یہی صورت حال رہی تو نقصان نہ برداشت کرتے ہوئے پولٹری فارمز بند ہو جائیں گے اور ملک میں مرغی کے گوشت کی شدید قلت پیدا ہو جائے گی۔ پرس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مکئی کی پیداوار طلب سے کم ہے لہٰذامکئی کی درآمدپر ڈیوٹی اور ٹیکسز کو ختم کر کے فی الفور درآمد کی اجازت دی جائے ۔درآمدسے فیڈ کی قیمتیں کم ہوں گی اور پولٹری مصنوعات کی پیداواری لاگت میں یقینی طور پر کمی آئے گی اور عوام کو ماضی کی طرح سستا گوشت اور انڈے دستیاب ہو سکیں گے۔