اوورسیز پاکستانی ہمارا اصل آئی ایم ایف ہیں: شجاعت  


لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے اوورسیز پاکستانیوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی بیرون ملک پاکستان کی شان ہیں۔ آپ نے 2021ء میں ریکارڈ33 ارب ڈالر پاکستان کو بھیجے ہیں۔ ہم آئی ایم ایف کے 1 ارب ڈالر کیلئے اتنی تگ و دو کر رہے ہیں جبکہ میرے نزدیک ہمارا اپنا اصلی آئی ایم ایف اوورسیز پاکستانی ہیں جو بے لوث ہو کر پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری ظہور الٰہی شہید نے 1978 میں بطور وزیر افرادی قوت و محنت اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن OPF کی بنیاد رکھی اور پاکستانیوں کی بیرون ملک جانے کیلئے رکاوٹیں ختم کیں۔ ان کی خواہش تھی کہ یہ فاونڈیشن فوجی فاؤنڈیشن کی طرز پر کام کرے۔ OPF آج بھی آپ کی خدمت میں مصروف ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بطور وزیر داخلہ نادرا کی بنیاد رکھی جس میں سب سے پہلے کارڈ غلام اسحق خان اور دوسرا کارڈ میرا بنا تھا۔ نادرا کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے NICOP کارڈ بنا جو ہر اوورسیز پاکستانی کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم میری بھرپور کوشش رہی کہ میں قلیل عرصہ میں اوورسیز پاکستانیوں کی زیادہ سے زیادہ خدمت کر سکوں، میں نے بطور وزیر اعظم پہلے ہی ہفتے حکم جاری کیا کہ بیرون ملک انتقال کر جانے والے پاکستانیوں کی میتیں پی آئی اے بغیر کسی معاوضے کے وطن لایا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب میری وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی تو میں نے انہیں بتایا کہ میں نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے انشورنس پالیسی شروع کرنے کی کوشش کی تھی۔  عمران خان نے کہا کہ اگر پرائیویٹ انشورنس کمپنیاں یہ نہیں کرتیں تو حکومت کی اپنی انشورنس کمپنی موجود ہے جو یہ کر سکتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ انہیں میرے ساتھ کی ہوئی یہ بات یاد ہوگی۔ چودھری وجاہت حسین نے کہا کہ  اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،  تقریب میں سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، حسین الٰہی ایم این اے اور شافع حسین بھی شریک تھے جبکہ وفود میں امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، سپین، ناروے، سائوتھ افریقہ، اٹلی، فرانس، انگلینڈ، ہالینڈ، جرمنی، بیلجیم، یو اے ای اور سعودی عرب کے اوورسیز پاکستانی اور مسلم لیگی عہدیدار شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...