اسلام آباد (نامہ نگار) نیب لاہور نے گزشتہ چار سال کے دوران نیب آرڈیننس کی شق 10 اور 25B کے تحت 248 ملزموں کو سزا دلوائی ہے اور ان سے اربوں روپے ریکور کئے گئے ہیں جبکہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہور کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں 10 اکتوبر 2017 سے 31 دسمبر 2021 تک نیب لاہور کی کارکردگی بالخصوص نیب آرڈیننس 1999 کی شق 10 اور 25B کے تحت سزائوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی سید اصغر حیدر، ڈی جی آپریشنز اور نیب کے دیگر افسروں نے شرکت کی جبکہ ڈی جی نیب لاہور جمیل احمد نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں 10 اکتوبر 2017 سے 31 دسمبر 2021 کے دوران نیب لاہور کی بھرپور پراسیکیوشن کے باعث نیب آرڈیننس 1999 کی شق 10 کے تحت 63 اور شق 25B کے تحت 185 ملزمان کو سزا ہوئی۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب لاہور نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور جمیل احمد کی سربراہی میں نیب لاہور کے تمام افسران کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں نیب لاہور اس عزم کے ساتھ اپنی کارکردگی جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن اور وائٹ کالر کرائمز کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، نیب کے تمام افسران بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھتے ہوئے بھرپور توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں۔