اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تربیت اور جنگی تیاریاں جاری رکھنے پر زور دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق منگل کو آرمی چیف جرنل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں 246ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ملکی سرحدوں کے تناظر میں باڈر مینجمنٹ اور انٹرنل سکیورٹی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء کو آپریشن ردالفساد کی تازہ ترین پیش رفت اور کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مری کے برفانی طوفان اور بلوچستان میں شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے متاثرین کی مدد کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان قدرتی آفات کے دوران ریلیف آپریشن میں شامل فارمیشنز کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔