حیدرآباد ( نامہ نگار )ٹنڈو جام میں مبینہ طور پر کچی شراب پینے سے چار دوستوں سمیت 7افراد ہلاک ہوگئے۔ ڈی آئی جی حیدرآباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی حیدرآباد سے رپورٹ طلب کر لی۔ ہلاک ہونے والوں میں محمد ایوب، رشید کالونی کا رہائشی حامد قائم خانی،کھیسانہ موری کا رہائشی جمن سولنگی، کریم آباد کالونی کا رہائشی عرفان خانزادہ، کیول کولہی ،کمال اور عارف راجپوت شامل ہیں۔ واضع رہے کہ چند سال قبل نھی اسی علاقے میں کچی شراب پینے سے 22 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔تاہم پولیس کا دعویٰ ہے کہ تمام افراد کی ہلاکت شراب پینے سے نہیں ہوئی، عرفان اور عامر کی موت بخار اور کچھ روز سے طبیعت خراب ہونے سے ہوئی جبکہ حامد سانس کی تکلیف سے جاں بحق ہوا۔ادھرڈی آئی جی حیدرآباد رینج سید پیر محمد شاہ نے '' ٹنڈو جام میں کچی شراب پینے سے ہونے والی ہلاکتوں کے واقعے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی حیدرآباد سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کی گرفتاری اور شراب کی تیاری اور خرید و فروخت کے خلاف فوری آپریشن کی ہدایت کی ہے۔ترجمان ڈی آئی جی حیدرآباد کے مطابق ڈی آئی جی حیدرآباد نے ضلع حیدرآباد کے تھانہ ٹنڈو جام کی حدود میں کچی شراب پینے سے ہونے والی ہلاکتوں کے واقعے پر سخت نو ٹس لیا ہے۔انہوں نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم جاری کردیا۔ ایس ایس پی حیدرآباد کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی حیدرآباد نے ٹنڈو جام میں مختلف مقامات پر 4 افراد کی ہلاکت کی خبروں پر فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تا حال ہلاکتوں کی وجہ شراب نوشی ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
ٹنڈوجام ،کچی شراب پینے سے4دوستوں سیمت7افراد ہلاک
Jan 12, 2022