ملتان (سپیشل رپورٹر) سپیشل عدالت اینٹی کرپشن ملتان نے کرپشن کے مقدمہ میں ملوث سابق میئر ملتان چوہدری نوید الحق ارائیں سمیت ایگزیکٹو انجنیر عباس سرور نقوی ، کنٹریکٹر عمار صدیقی کی عبوری درخواست ضمانتوں کو خارج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سابق مئیر ملتان چوہدری نوید الحق آرائیں اور دیگر گزشتہ روز ضمانت کے اخراج کے بعد عدالت سے فرار ہوگئے۔ اینٹی کرپشن حکام ان کی گرفتاری کے لیے سرگرداں ہو گئی ہے اور گزشتہ رات مختلف جگہوں پر چھاپے بھی مارے گئے۔ تفصیل کے مطابق سابق میئر ملتان میٹرو پولیٹن کارپوریشن نوید آرائیں اور دیگر کے خلاف گزشتہ سال زینتھ پلازہ کے نقشہ کی غیر قانونی منظوری دینے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اینٹی کرپشن ملتان نے سابق میئر ملتان نوید الحق ارائیں ، سابق چیف آفیسر سمیت ایگزیکٹو انجینئر عباس سرور نقوی کنٹریکٹر عمار صدیقی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف کریشن کا مقدمہ درج کیا تھا۔ اس مقدمہ میں جعلی کوٹیشن ورک کے ذریعے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا ، میٹرو بس پراجیکٹ کی تشہیر کی مد میں بھی غیر قانونی اقدامات کے ذریعے بھی سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا ۔زینتھ پلازہ ملتان کے نقشہ کی غیر قانونی منظوری دینے کے الزامات عائد ہیں۔اس مقدمہ کے خلاف ملزمان نے اینٹی کرپشن کی عدالت سے رجوع کرلیا اور عبوری درخواست ضمانت دائر کر دئیں۔ ان درخواست ضمانتوں کو گزشتہ روز خارج کردیا گیا ہے۔ تاہم ملزمان فیصلہ سنتے ہی عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔