کرونا : 2اموات ، ڈیڑھ ہزار کیسز ، امین اسلم ، منظور وسان پازیٹو

Jan 12, 2022

لاہور‘ اسلام آباد‘ پشاور‘ حضرو‘ میکسیکو‘ ٹوکیو‘ نیویارک (نوائے وقت رپورٹ + خبر نگار + بیورو رپورٹ + نمائندہ نوائے وقت+ اے پی پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 1 ہزار 467 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 2  مریض زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 266 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 33 فیصد پر آ گئی۔ پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 974 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 7 ہزار 174 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں 18 ہزار 947 زیرِ علاج مریضوں میں سے 615 کی حالت تشویش ناک ہے، اب تک کل 16 کروڑ 21 لاکھ 15 ہزار 885 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 7 کروڑ 38 لاکھ 62 ہزار 234 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔ پنجاب میں ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 81 ہو چکی ہیں۔ آئی این پی کے مطابق لاہور میں اومیکرون کے 21 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد تعداد 327 تک پہنچ گئی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پنجاب میں اومیکرون کے 24 نئے مریض سامنے آگئے جبکہ پنجاب بھر میں اومیکرون کے 343 مریض ہیں۔ لاہور میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح بھی 3.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق کرونا کیسز میں اضافہ کے باعث صوبائی دارالحکومت پشاور میں پانچ مختلف نئی پابندیاں عائد کرنے کے حوالہ سے سفارشات کو حتمی شکل دیکر حتمی منظوری کیلئے این سی او سی کے حکام کو ارسال کر دیا گیا ہے جبکہ پشاور میں اومی کرون ویرینٹ سے متاثرہ مریضوںکی تعداد بائیس تک پہنچنے کے بعد محکمہ صحت کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ جبکہ ایل آر ایچ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔ این سی او سی کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں اہم ترین فیصلوں کے امکانات ہیں۔ حضرو سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ملک امین اسلم کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد انہوں نے اپنے آپ کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ آج بروز بدھ ٹی ایم اے حضرو میں ہونیوالی کھلی کچہری بھی ملتوی کر دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں کرونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہونے لگا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر زراعت منظور وسان بھی کرونا کا شکار ہو گئے۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق کرونا کیسز کی شرح 18 فیصد پر پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ روز 4 ہزار 469 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 805 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط کریں۔ میکسیکو سٹی سے اے پی پی کے مطابق میکسیکو کے صدر آندرس مینوئل لوپیز اوبرادور  نے کہا ہے کہ ان کا کووڈ-19 ٹیسٹ دوسری بار  مثبت آیا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان  میں علامات ہلکی ہیں اور وہ  قرنطینہ میں رہتے ہوئے کام کریں گے۔ وزیر داخلہ ایڈن آگسٹو لوپیز صدر کی جگہ نمائندگی کریں گے۔ واضح  رہے  انہیں بوسٹر شاٹ  بھی  لگایا گیا تھا۔ ٹوکیو سے اے پی پی کے مطابق جاپانی وزیراعظم فومیوکیشیدا نے ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی کو فروری  تک بڑھانے کا اعلان   کیا ہے۔ علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے یورپ کیلئے کرونا کی نئی قسم اومی کرون سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی۔  عالمی ادارہ صحت کے یورپ کے ڈائریکٹر ہینس کلوگ کے مطابق رواں سال کے پہلے ہفتے میں یورپ بھر میں 70 لاکھ سے زائد اومی کرون کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ میں دو ہفتوں میں کرونا کیسز کی تعداد دو گنا بڑھی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا کہ یورپ کی 50 فیصد سے زائد آبادی کے اگلے 6 سے 8 ہفتوں میں اومی کرون سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد 31 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہوگئی جبکہ کرونا سے اموات کی تعداد 55 لاکھ12ہزار سے زائد ہوگئیں۔

مزیدخبریں