اسلام آباد،میڈرڈ (خصوصی نامہ نگار+این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان، سپین سمیت تمام یورپی یونین رکن ممالک کے ساتھ بامقصد شراکت داری کا خواہاں ہے،افغانستان میں قیام امن سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا جو ہمارے اقتصادی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہو گا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے میڈرڈ ،سپین میں تھنک ٹینکس کے اعزاز میں ضیافت میں شرکت کی ،اہتمام پاکستان ہاؤس میڈرڈ، سپین میں کیا گیا ،اسپین میں پاکستان کے سفیر شجاعت راٹھور بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے ، تھنک ٹینک، جرنلسٹس و ماہر دفاعی و عالمی امور سمیت، مختلف شعبہ جات زندگی کی نامور شخصیات نے ضیافت میں شرکت کی۔وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کو پاکستان ہاؤس میڈرڈ اسپین آمد پر خوش آمدید کہا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، اسپین کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھتا ہے، ہماری حکومت، جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے، دنیا کی توجہ پاکستان کی 200 ملین آبادی پر مشتمل، ابھرتی ہوئی مارکیٹ ،سرمایہ کاری اور تجارت کے میسر وسیع مواقعوں کی جانب دلا رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، اسپین سمیت تمام یورپی یونین رکن ممالک کے ساتھ بامقصد شراکت داری کا خواہاں ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور اسپین کے مابین، اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان میں قیام امن سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا جو ہمارے اقتصادی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہو گا۔
پاکستان، سپین سمیت تمام یورپی یونین رکن ممالک کے ساتھ بامقصد شراکت داری کا خواہاں ،شا ہ محمود
Jan 12, 2022