کراچی(نیوز رپورٹر) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی مشق باراکوڈا۔الیون کا افتتاح ہوگیا۔ جس کے بعد دن کی کارروائی کا آغاز پر چم کشائی سے ہوا اور پی ایم ایس اے ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی ۔ آسٹریلیا ، آذر بائیجان ، بنگلہ دیش ، بحرین ، فرانس ، جاپان ، کوریا ، مالدیپ ، سعودی عرب ، سری لنکا ، تنزانیہ ، ترکی اور امریکہ سمیت 13 ممالک کے کل 16 غیر ملکی مبصرین نے شرکت کی ۔ 2۔ بعد ازاں بیچ لگژری ہوٹل میں مشق باراکو ڈا کی افتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی محترمہ زرتاج گل نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی رئیرایڈمرل مرزا فواد امین بیگ نیشرکا کا استقبال کیا اور شرکا کو بتایا کہ بارا کوڈا بین الا قوامی مشقوں کا ایک سلسلہ ہے جو پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے زیر انتظام باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارا کوڈا -الیون کا مقصد دوست ممالک کے ساتھ تجربات کا تبادلہ کرتے ہوئے پاکستان کے قومی ڈیزاسٹر کنٹیجنسی پلان ( NMDCP ) کے مطابق تیل کے اخراج پر قابو پانے کے ممکنہ طریقوں اور سرچ اینڈ ریسکیو طریقہ کار کو استعمال کرنا ہے ۔ تمام قومی اسٹیک ہولڈرز اور بین الاقوامی مبصرین کی شرکت تیل کے اخراج کے خلاف ہمارے مر بوط ردعمل کے ساتھ ساتھ علاقائی سطح پر تلاش اور بچا کے تقاضوں کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گی۔ زرتاج گل نے کہا کہ اس مشق کے نتیجے میں نہ صرف پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا، مجموعی معیار میں بہتری آئے گی بلکہ حاصل شدہ تجربے کے ذریعے موجودہ طریقہ کار کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے مشق کی مجموعی منصوبہ بندی اور انعقاد کو سراہا اور مستقبل میں بھی مشق کے پیمانے کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ۔