عالم اسلام کی عزت و سربلندی کا راز فقط اتحاد میں مضمر ہے: خالد حسن مجددی

Jan 12, 2022

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)عالم اسلام کی عزت و سربلندی کا راز فقط اتحاد میں مضمر ہے ،امریکہ اور اس کے گماشتے برطانیہ اور اسرائیل عالم اسلام کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں۔افغانستان ،کشمیر فلسطین اور لبنان خون میں ڈوبے ہوئے ہیں مگر اسلامی ممالک خاموشی سے ان ممالک کی تباہی و بربادی کا تماشا دیکھ رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین علامہ محمد خالد حسن مجددی نے علماء و مشائخ اور تنظیمات اہلسنت کے قائدین کی موجودگی میں جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام جامعہ مدینۃ العلم عالم چوک جی ٹی روڈ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس سے علامہ محمد حنیف چشتی،مفتی محمد شعبان القادری ،علامہ محمد اکرام اللہ کیلانی،حافظ محمد رفیق قادری،مولانا حافظ محمد فیض سلطان،علامہ عبدالغفار سیالوی،قاری محمد الیاس قادری،حافظ محمد فیاض الحسن صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کا بہتا ہوا لہو ہمیں پیغام دیتا ہے کہ جہاد کے مفہوم کو دلوں میں بسا کر کفر کے مقابلہ کے لئے ایک ہوجائیں ۔ حکومت پاکستان مری میں جانے والے سیاحوں کے لئے بہترین انتظام و انصرام کرے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کا ناگوار واقعہ پیش نہ آئے ،حکومت ہوٹلوں اور رہائش گاہوں کے کرایوں کا تعین کرے ۔

مزیدخبریں