پاکستان بھارت مقابلہ پی سی بی 4ملکی سریز کرانے کیلئے تیار

Jan 12, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ چار ملکی سیریز کروانے کیلئے تیار ہے۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق پی سی بی سالانہ کواڈلیٹرل سیریزکروانے پرغورکر رہا ہے اور بورڈ اس کا پلان جلد سامنے لائے گا۔آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا کواڈلیٹرل سیریز میں پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو رکھنے کا پلان ہے اور چاروں ملکوں کے آپس میں تاریخی ٹاکرے کے باعث انہیں سیریز میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔پاکستان ‘بھارت ٹاکرے کے بعد آسٹریلیا انگلینڈ ایشزکرکٹ کی بھی تاریخی نوعیت ہے۔آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی چاہتے ہیں کہ مارچ میں دورہ پاکستان پر تمام بڑے آسٹریلین نام شامل ہوں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ بھارت کے خلاف باقاعدہ بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کیلئے آئی سی سی کے اگلے اجلاس میں بھارت، پاکستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا پر مشتمل سالانہ چار ملکی سیریز کی تجویز دینے کیلئے تیار ہیں۔روایتی حریف پاکستان اور بھارت بگڑتے ہوئے سیاسی حالات کی وجہ سے دو طرفہ کرکٹ کھیلنے سے محروم ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے آخری بار بھارت میں 13-2012ء میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلی تھی۔ دونوں کرکٹ بورڈز نے 2015ء سے 2023ء کے دوران 6 سیریز کھیلنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا۔پاکستان اور بھارت 2013ء سے اب تک صرف آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے ٹورنامنٹس میں کھیلے ہیں۔ رمیز راجہ نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ آسٹریلیا کے دورے سے پہلے پاکستان میں بہت زیادہ توقعات ہیں اور وہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کے حالیہ تبصروں سے خوش ہوئے ہیں کیونکہ وہ نجی طور پر ٹیم کے ساتھیوں کو پاکستان کا سفر کرنے پر زور دیتے ہیں۔ آسٹریلیا کو مارچ کے شروع میں تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کیلئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا اس دورے کیلئے پرعزم ہے۔ 1998ء کے بعد یہ آسٹریلیا کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

مزیدخبریں