لاہور(خبر نگار)ضلعی انتظامیہ لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آٹا کی سپلائی غیر قانونی طریقے سے ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ۔ہنجروال کے علاقے میںگزشتہ رات ٹیمیں آٹا سپلائی کے حوالے سے چیکنگ کر رہی تھیں اور 786 بسم اللہ سٹور پر سجاد نامی دکاندار گاڑی نمبر MNT/15/ 2336 پر 10 کلوگرام کے 140 بیگز لوڈ کروا رہا تھا جو کہ غیر قانونی طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کئے جانے تھے۔ سجاد نامی دکاندار کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے استغاثہ جمع کروا دیا ہے ۔دوسری جانب کمشنر لاہور محمد عامر جان نے تمام ڈی سیز کو گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی پر کریک ڈاون کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری آٹے کی سیل پوائنٹس اور عارضی پوائنٹس ٹرکوں کو وافر فراہمی میں تسلسل رکھیں۔ کمشنر لاہور نے حکم دیا کہ تمام سرکاری و نجی اڈوں سے آٹے کی لوڈنگ پر کریک ڈاون کریں۔ سخت ترین کاروائی ہونی چاہئے۔علاوہ ازیں ڈی سی لاہور محمد علی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور آٹا کی سپلائی کو مسلسل یقینی بنا رہی ہیں۔ گزشتہ روز 10 کلو گرام آٹا کے 03 لاکھ 69 ہزار 961 تھیلے فراہم کئے گئے ہیں۔