لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ صو بے کے 10لاکھ نوجوانوں کو خود روزگار کے لئے فری آن لائن آئی ٹی کورسز کی ٹریننگ دی جائے گی اور جدید آن لائن آئی ٹی کورسز مفت سکھائے جائیں گے۔ آن لائن پلیٹ فارم کے کورسز کر کے نوجوان گھر بیٹھے لاکھوں روپے آمدن کما سکیں گے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اورملائیشیا کی کمپنی ری سکلز کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کئے گئے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین سید بلال حیدر اور ملائیشیا کی کمپنی ری سکلز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹین ٹنگ جن (Mr.Tan Ting Jin)نے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ایم او یو کو سراہتے ہوئے کہاکہ آن لائن ٹریننگ سے خود روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ 16سے 30برس کے نوجوانوں کو فری آف کاسٹ آن لائن ٹریننگ دی جائے گی۔ ٹیکنیکل گرانٹ (مفت سبسکرپشنز) جس کی کاسٹ 12 ملین ڈالر ہے نوجوانوں کی تربیت کے لیے ملائیشین کمپنی فری آف کاسٹ پنجاب حکومت کو دے گی۔ آن لائن ٹریننگ کی کاسٹ کی مد میں 3 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے جناح ہسپتال کی نئی ایمرجنسی و ٹراما سنٹر کے تعمیراتی کاموں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا۔ وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ 8ارب 65کروڑ روپے کی لاگت سے جناح ہسپتال میں نیا ایمرجنسی بلاک اور ٹراما سینٹر بنایا جائے گا۔ ایمرجنسی اور ٹراما سینٹر کی 7منزلہ عمارت 256بیڈز پر مشتمل ہوگی۔ ایکسیڈنٹ اور دیگر ایمرجنسیز کیلئے بیڈز مختص کرنے کے علاوہ کارڈیک ایمرجنسی کیلئے 24بیڈز، سرجیکل اور الائیڈ ایمرجنسی کیلئے 48 بیڈز مختص ہوں گے۔ جناح ہسپتال میں مریضوں کے رش کے پیش نظر ٹراما سینٹر اور نئی ایمرجنسی کا قیام ضروری تھا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر فرخ حبیب نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فیصل آباد کے ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔پرویزالٰہی نے مری میں برفباری کے باعث کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور آر پی او راولپنڈی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ برفباری کے دوران مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔
پرویز الٰہی