اسلام آباد‘ لاہور (کلچرل رپورٹر + نامہ نگار + نیٹ نیوز) 80 کی دہائی کے مزاحیہ ڈرامے ’ففٹی ففٹی‘ میں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے سینئر اداکار ماجد جہانگیر انتقال کر گئے۔ ڈرامہ سیریل ’ففٹی ففٹی‘ سمیت دیگر ڈراموں میں ناظرین کو اپنی بے ساختہ اداکاری اور ہنسی سے لوٹ پوٹ کرنے والے اداکار ماجد جہانگیر کا انتقال لاہور میں ہوا۔ اہل خانہ کے مطابق ایک ماہ قبل گھر پر بیڈ سے گرنے سے ان کی ریڑھ کی ہڈی فریکچر ہو گئی تھی۔ انہیں سانس کا مرض پہلے ہی تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے معروف اداکار و کامیڈین ماجد جہانگیر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ماجد جہانگیر مرحوم کا مقبول ترین ٹی وی ڈرامہ ففٹی ففٹی آج بھی پرستاروں کو یاد ہے۔ اداکار ماجد جہانگیر کو کراچی میں سپر د خاک کر دیا گیا۔ مرحوم ماجد جہانگیر کے بیٹے فہد جہانگیر نے بتایاکہ ان کے والد اداکار ماجد جہانگیر کی میت گزشتہ روز بذریعہ جہاز لاہور سے کراچی پہنچائی گئی۔ مرحوم ماجد جہانگیر کو کراچی میں سپرد خاک کیا گیا۔ صدر پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا، انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک کیلئے 22 سال کام کیا اور 4 فلموں میں اداکاری بھی کی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور قائم مقام سپیکر زاہد اکرم درانی نے بھی معروف سینئر اداکار وکامیڈین ماجد جہانگیر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ماجد جہانگیر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ماجد جہانگیر