طاقتور پاسپورٹس کی 2 فہرستیں‘ پاکستان کمزور ترین میں شامل

Jan 12, 2023



اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) 2023ء کے لیے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی 2 الگ الگ فہرستیں جاری ہوئی ہیں اور دونوں میں پاکستان سب سے آخری نمبروں پر ہے۔ آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا نام سرفہرست رہا۔ اسی طرح ہینلے اینڈ پارٹنرز کی 2023ء کی فہرست میں جاپانی پاسپورٹ کو طاقتور ترین قرار دیا گیا۔ آرٹن کیپیٹل کی فہرست کے مطابق یو اے ای کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری ویزا لیے بغیر 181 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔ یو اے ای کے بعد سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، جرمنی، سویڈن، فن لینڈ، لکسمبرگ، سپین، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز اور آسٹریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور ان ممالک کے شہریوں کو 174 ممالک میں جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں۔ ڈنمارک، بیلجیئم، پرتگال، ناروے، پولینڈ، آئرلینڈ، برطانیہ، امریکا اور نیوزی لینڈ کے پاسپورٹس کے حصے میں تیسرا نمبر آیا جن کے حامل افراد 173 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب ہینلے انڈیکس کے مطابق جاپانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری بغیر ویزا 193 ممالک کا سفر کر سکتے ہیں۔ جاپان کے بعد سنگاپور اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں جن کے حامل افراد کو 192 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہوجاتی ہے۔ جرمنی اور سپین کے پاسپورٹس 190 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ دونوں فہرستوں میں پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا۔ آرٹن کیپیٹل کی فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ یمن اور صومالیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر 92 ویں نمبر پر موجود ہے۔ اس سے نیچے عراق (93)، شام (94) اور افغانستان (95) موجود ہیں۔ ہینلے کی فہرست میں پاکستان کے حصے میں 106 واں نمبر آیا جس سے نیچے شام، عراق اور افغانستان موجود ہیں۔
پاسپورٹ فہرست

مزیدخبریں