رضوان کو نائب کپتانی سے ہٹانا بے تکا فیصلہ: رمیز راجہ 

Jan 12, 2023


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ وائٹ بال کرکٹ میں اچھی پرفارمنس کے باوجود کپتان بابر اعظم کو  بے معنی تنازعات میں دھکیلا جا رہا ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد بابر کی کپتانی پر خوامخواہ پریشر ڈالاگیا، اس طرح کی چیزوں سے ٹیم کا ماحول خراب ہو جاتا ہے۔ پریس کانفرنسز کے دوران بابر اعظم سے مشکل سوالات پوچھے جا رہے ہیں، انھیں بے معنی تنازعات میں دھکیلا جا رہا ہے۔ 2 سالہ ٹیم کی پرفارمنس کی خاصیت یہ تھی کہ اس ٹیم نے تنازع سے خود کو بچا کر رکھا ہوا تھا، ساتھ ہی یہ ٹیم ایک کمبی نیشن کیساتھ میدان میں اترتی رہی ہے۔محمد رضوان کو نائب کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے پر کہا کہ رضوان کو خوامخواہ نائب کپتانی سے ہٹایا گیا، ہمیں پتا ہے رضوان جی جان لگا کر کھیلتے ہیں پاکستان کیلئے پرفارمنس دینے یا کھیلنے میں رضوان سے بڑا سپاہی کوئی نہیں لہٰذا ان کی انرجی کو استعمال کیا جانا چاہیے، محمد رضوان ایک باقاعدہ کپتان رہے ہیں تو اب وائٹ بال میں ایسا تجربہ ہونا ہی نہیں چاہیے تھا۔بابر اور رضوان کا ایک کمفرٹ لیول ہے، اس کمفرٹ لیول کو توڑ کر رضوان سے نائب کپتانی لی گئی، میرے خیال سے یہ ایک بے تکا سا فیصلہ تھا جس سے ٹیم پر پریشر بڑھ جاتا ہے۔

مزیدخبریں