کراچی (کامرس رپورٹر) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان نے حکومت کی جانب سے 10 سالہ معاشی منصوبے کی تیاری کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر و صنعتکاروں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ حکومت 10 سالہ معاشی پالیسی یا میثاق معیشت مرتب کرے تاہم اس فیصلے میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت لازمی کی جائے۔ معاشی منصوبے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے صدر کاٹی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی 70 روپے سے بڑھا کر 100 روپے لیٹر کرنے سے مہنگائی میں بہت اضافہ ہوگا، جس کی عوام اور بزنس کمیونٹی متحمل نہیں ہوسکتی۔ فراز الرحمان نے کہا کہ تاجروں اور بزنس کمیونٹی پر اضافی ٹیکس عائد کرنے سے پہلے حکومت بزنس کمیونٹی سے مشاورت کرتے تاکہ تباہی کے دہانے پر پہنچتی صنعت پر اضافی ٹیکس مزید نقصان دہ ثابت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ مثبت اقدام ہے اس سلسلے میں حکومت دوست ممالک سے رابطہ کرے اور خاص طور پر آئی ایم ایف سے مزاکرات کی راہ ہموار کی جائے تاکہ فوری طور پر موجود زرمبادلہ کی قلت کو دور کیا جائے۔ فراز الرحمان نے حکومت سے اپیل کی کہ فیصلہ سازی سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کی بنیاد پر پالیسی مرتب کی جائے تاکہ معیشت کو مستحکم کرنے میں ہر کوئی اپنا کردار ادا کر سکے۔