کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کے ریٹیل منظر نامے کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے انڈسٹری لیڈر ہونے کی شاندار وراثت کو جاری رکھتے ہوئے بینک الفلاح نے SnappRetail (اسنیپ ریٹیل) کے ساتھ ایک مجموعی شراکت داری کی ہے۔ اس شراکت داری کو تھوک کے بیوپاریوں کی سرگرمیوں کو تیز اور پوائنٹ آف سیل (POS) پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس تعاون کے تحت اسنیپ ریٹیل کے ساتھ منسلک تاجروں کو بینک الفلاح کے QR (کوئیک رسپانس) ادائیگی کے نظام میں شامل کیا جائے گا جس سے نقد کا کاروبار کرنے والے تاجروں کو دستاویزی معیشت کے دائرے میں لایا جائے گا۔نئے منسلک ہونے والے تاجروں کو الفا بزنس ایپلیکیشن پر رجسٹر کیا جائے گا۔ ایپلیکیشن ایک آسان رجسٹریشن کا عمل پیش کرتی ہے جس کے لیے صرف تھوک کے تاجروں کے درست قومی شناختی کارڈ نمبر کی ضرورت ہوتی ہے۔ مزید برآں، ایپلیکیشن کا بلارکاوٹ ادائیگی کے نظام کے تحت تاجر کے لیے ضروری ہے کہ وہ صارفین کو ایپلی کیشن میں بنائے گئے QR کوڈز کو اسکین کرنے پر آمادہ کر کے ادائیگیاں قبول کرے جس سے نقد رقم وصولی کا جھنجھٹ ختم ہو جائے گا۔ مزید برآں، تاجروں کو ایپلی کیشن کے اندر بھی حقیقی وقت میں سیلز، انوینٹری اور کاروباری لین دین کی نگرانی کے لیے ای شاپ قائم کرنے کی آزادی ہے۔ گاہک QR ادائیگی کے ذریعے کم از کم 3ہزار روپے کے آرڈر اور 12 ماہ تک کی آسان اقساط کی بدولت ’ابھی خریدیں، بعد میں ادائیگی کریں‘ کی سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔الفا بزنس ایپ خوردہ فروشوں کو 17 مختلف بینکنگ ایپلی کیشنز سے ادائیگیاں قبول کرنے کی اجازت دیتی ہے اور بینکنگ سسٹ سے کچھ اس طرح سے مربوط ہے کہ 24 گھنٹوں کے اندر فنڈ کی سیٹلمنٹ کو یقینی بناتا ہے۔ خوردہ فروش ایپلی کیشن میں موجود ’مرچنٹ فنانسنگ‘ کی سہولت بھی حاصل کر سکتے ہیں جس کے ذریعے وہ محض ایک کلک کے ذریعے قرض حاصل کر کے اپنی لیکویڈیٹی بہتر بنا سکتے ہیں۔ قرض کی رقم تاجر کے کاروباری لین دین کے حجم کے 70فیصد تک حاصل کی جا سکے گی اور تاجر صنعت میں سب سے کم مارک اپ پر یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں جس کے لیے کسی بھی قسم کی کاغذی کارروائی درکار نہیں ہو گی۔اس شراکت داری کے بارے میں بات کرتے ہوئے بینک الفلاح کے گروپ ہیڈ ڈیجیٹل بینکنگ محمد یحییٰ خان نے کہا کہ ریٹیل سیکٹرز کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنا ہمیشہ سے ہماری اولین ترجیحات میں سے ایک رہا ہے، اس اشتراک کے ذریعے ہم ایک پلیٹ فارم سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو قبول اور ڈیجیٹل کریڈٹ تک رسائی کے ذریعے اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے طریقے فراہم کر کے ملک بھر کے ریٹیل تاجروں کو مختلف پیشکشوں کے ذریعے بااختیار بنانے کا ہدف حاصل کریں گے۔اسنیپ ریٹیل کے چیف اسٹریٹجک آفیسر معظم علی خان نے وضاحت کی کہ یہ اشتراک کس طرح مالی شمولیت کے عمل کو تقویت دے گا۔
، انہوں نے کہا کہ روایتی ریٹیل کو ڈیجیٹائز کرنے کے مشن پر گامزن اسنیپ ریٹیل ہمیشہ جدید خدمات اور اشتراک عمل لایا ہے جہاں اس کا واحد مقصد پاکستان کو مزید مالیاتی طور پر بااختیار بنانا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ہم اپنے گروپ کے سرفہرست نظام کو مزید بہتر بنائیں گے کیونکہ ئی نئے ڈیجیٹل ادائیگی پر مبنی اس نظام کو مرکزی دھارے کا حصہ بنا رہے ہیں۔ادائیگی کے روایتی طریقوں کی مالی شمولیت کو بہتر بنانے کے لیے جدید شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس طرح کا تعاون اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ماحولیاتی نظام میں ہر فرد بنیادی اور موثر مالیاتی مصنوعات اور خدمات تک رسائی حاصل کر سکے لہٰذا یہ زندگی کو بہتر بنانے اور آسان بنانے کا ایک لازمی ذریعہ ہے۔
بینک الفلاح کا اسنیپ ریٹیل کےساتھ اشتراک
Jan 12, 2023