وزیر اعظم محمد شہباز شریف، متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر آج اعلی سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں برادر اسلامی ملکوں کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے، اور یو اے ای میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم، تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔