وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ میں سعودی عرب کے وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ پاکستان سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی امداد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی فنڈ کے ایک چار رکنی وفد سے آج اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی سربراہی سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) عزت مآب جناب سلطان المرشد کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان پر سعودی عرب کی عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پرسعودی وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار ، وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔