وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ کی منفی سیاست کو پنجاب نے مسترد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی محمدسبطین خان، صوبائی وزیر راجہ بشارت، ایم این اے حسین الٰہی اور سماجی و سیاسی شخصیت اکبر خان نے بھی شرکت کی۔مشاورتی اجلاس میں سیاسی منظرنامے پر گفتگو ہوئی. عمومی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔اسمبلی میں وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی پر اظہار اعتماد کرنے والے ارکان اسمبلی کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ گورنر پنجاب نے ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم واپس لے کر ہمارے موقف کی تائید کی جبکہ گورنر پنجاب کے نوٹیفکیشن واپس ہونے سے اعتماد کے ووٹ کی کاروائی موثر ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ حقائق مسخ اور عوام کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں اور عدالتی فیصلے کی من مانی تشریح بھی کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ اور ان کی قیادت جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں، عوام میں ان کی کوئی ساکھ نہیں ہے جبکہ رانا ثناء اللہ اور عطا تارڑ کو پنجاب میں عبرتناک شکست بھی ہوئی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب کے تخت پر قبضے کی خواہش رکھنے والوں کو راتو ں رات فرار ہونا پڑا۔وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا. آئندہ بھی سرخرو ہوں گے. عوام کی خدمت کرتے رہیں گے جبکہ مسلم لیگ ن کی منفی سیاست کو پنجاب نے مسترد کر دیا. سازشیں دھری کی دھری رہ گئی ہیں اور پنجاب اسمبلی پر شب خون مارنے کی کوشش کرنے والے اب روتے رہیں گے۔
اس موقع پر سپیکر سبطین خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے آئین وقانون کے مطابق اعتماد کے ووٹ کی کاروائی مکمل کی ہے۔صوبائی وزیرراجہ بشارت نے کہا کہ گورنر نے اعتماد کے ووٹ کی قانونی حیثیت تسلیم کرتے ہوئے ڈی نوٹیفکیشن کا حکم نامہ واپس لے لیا ہے جبکہ عدالت عالیہ نے گورنر کے وکیل نے اسمبلی کارروائی کو آئینی قرار دیا ہے اور رانا ثناء اللہ خفت مٹانے کے لئے پراپیگنڈہ کر رہے ہیں۔