’’دستور مدینہ ، فلاحی ریاست کا تصور‘‘کی تقریب رونمائی 26 جنوری کو ہو گی 

لاہور (خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی تصنیف ’’دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور‘‘ کی تقریب رونمائی26 جنوری 2024ء بروز جمعۃ المبارک شام 6بجے ایوانِ اقبال لاہور میں ہو گی۔ کتاب 12 سو صفحات اور 2 جلدوں پر مشتمل ہے۔ دستور مدینہ اور ریاست مدینہ کے موضوع پر یہ پہلی ضخیم اور تجزیاتی تحقیق ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنی اس تحقیق میں دستورِ مدینہ کا جدید دساتیرِ عالم جن میں امریکہ، برطانیہ کے دستور بطور خاص شامل ہیں کا فکر انگیز تقابلی جائزہ پیش کیا ہے۔ ترجمان منہاج القرآن نوراللہ صدیقی نے کہا کہ اس کتاب کا ایک خاص امتیاز یہ ہے کہ عالمِ اسلام کی ممتاز یونیورسٹی جامعہ الازہر کے شیوخ کی طرف سے کتاب کے تحقیقی و تجزیاتی مواد اور اس کی علمی ثقاہت کی تائید و توثیق کی گئی ہے۔ انہوں نے کتاب میں دستور مدینہ کی روشنی میں اصولِ حکمرانی، اسلام کے سیاسی نظام، حقوق انسانی، جان و مال کا تحفظ، آزادیء اظہار، حقوقِ نسواں اور ریاستی اختیارات جیسے اہم موضوعات پر مدلل گفتگو کی گئی ہے اور ناقدین کا علمی محاکمہ کیا گیا ہے۔ یہ کتاب بیک وقت انگریزی، عربی اور اردو زبان میں شائع ہورہی ہے۔ تقریب رونمائی میں ممتاز وکلاء ، دانشور حضرات اورعلمی و قانونی شخصیات اورمختلف شعبہ جات کے محققین اظہارِ خیال کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن