نوجوانوں کو روزگار کیلئے کینیڈا بھجوایا جائیگا، ہسپتالوں کا سب سے بڑا پیکج منظور، محسن نقوی کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس

Jan 12, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ  محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں  پنجاب حکومت نے اہم  قدم اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا کہ نوجوانوں کو روزگار کے لئے کینیڈا بھجوایا جائے گا۔ کابینہ نے پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن  اور حکومت پنجاب کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی منظوری دی۔ پنجاب کی تاریخ میں ہسپتالوں کی تعمیر ومرمت کے سب سے بڑے پیکیج کی منظوری دی گئی۔ بتایا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں پہلی بار 15ہزار نئے بیڈز فراہم کیے جارہے ہیں۔ کابینہ نے کینسر کے مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی کے پروگرام میں توسیع اور نوارٹس کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کی، بھل صفائی مہم 2024ء  کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔کابینہ نے قیام پاکستان کے بعد پہلی دفعہ پنجاب میں مسیحی برادری کیلئے میرج اورطلاق کے قوانین کے نفاذ اور پنجاب کرسچن میرج رولز 2023ء،   خیبر پی کے اور بلوچستان کو گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا  گیا اور کابینہ نے درخواست کی منظوری دی۔ کابینہ نے پنجاب کی پہلی کلاؤڈ پالیسی، تعلیمی سیشن 25-2024 کے لیے مفت نصابی کتب کی فراہمی کے لیے فنڈز کے اجراء،  سی بی ڈی پنجاب میں ڈپلومیٹک انکلیو میں نئے چینی قونصلیٹ کے قیام،  این او سی کے اجراء، ایس او ایس، چلڈرن ویلج، چلڈرن ہوم، یوتھ ہوم اور سکولز رحیم یار خان کے قیام کے لیے زمین کی الاٹمنٹ،  لاہور میں شہریوں کو ان کے گھروں میں سروسز کی فراہمی کے پروگرام ’’دستک‘‘ کے نفاذ،  نادرا اور محکمہ داخلہ پنجاب کے درمیان معاہدے میں توسیع،  گجر کالونی میں بائیو گیس پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام-24۔ 2023 میں شامل کرنے اورفنڈز کے اجراء  کی منظوری دی۔  پنجاب کی تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے چیئرمین صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر ہوں گے۔  جی ٹی روڈ (بے نظیر چوک) سے لاہور - سیالکوٹ موٹر وے (واہنڈو) تک دو رویہ سڑک پر سروس ایریاز کے قیام اور ٹول کے لیے اراضی پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔

مزیدخبریں