منڈی بہاؤالدین: 2روز قبل قتل ہونے افراد کی رسم قل پر فائرنگ، مزید 3جاں بحق

منڈی بہاؤالدین (نمائندہ نوائے وقت) منڈی بہاؤالدین کے تھانہ گوجرہ کے علاقہ میں ملزموں نے رسم قل میں بیٹھے ہوئے 3افراد کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ درجنوں افراد کی موجودگی میں ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے فرارہو گئے۔ 3دن کے اندر ملک برادری کے 5افراد کو قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دو دن قبل ملک برادری کے دو افراد ملک غضنفر اور ملک خالد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ آج دونوں مقتولین کی رسم قل ادا کی جا رہی تھی کہ اس دوران چادریں اوڑھے ہوئے 5افراد جدید اسلحہ سے لیس ہو کر رسم قل میں گھس آئے اور چن چن کر ملک برادری کے 3افراد ملک طارق انور، ملک عارف انور اور ملک تیمور طارق کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور اسلحہ لہراتے ہوئے درجنوں افراد کی موجودگی میں موقع سے فرار ہو گئے۔ 3افراد کے قتل کی اطلاع پاتے ہی ڈی پی او منڈی بہائو الدین رضا صفدر کاظمی موقع پر پہنچ گئے۔ جبکہ آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے موضع چک نمبر44میں ملک برادری کے 3دن کے اندر 5افراد کے قتل اور ضلع میں دن بدن بڑھتی ہوئی قتل کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او منڈی بہائو الدین رضا صفدر کاظمی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر دی نیشن