ٹکٹس کا اعلان ہوتے ہی فیصل آباد کے (ن) لیگیوں میں بغاوت

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ٹکٹوں کا اعلان ہوتے ہی مسلم لیگ ن فیصل آباد میں بغاوت پھوٹ پڑی۔ ٹکٹ سے محروم رہنے والے درجن بھر امیدواروں نے آزاد الیکشن میں کودنے کی تیاری کرلی۔ جبکہ رانا ثناء اللہ اور دیگر پارٹی رہنما انہیں منانے کیلئے سرگرم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹکٹ سے محروم رہنے والے ن لیگی رہنما اپنی ہی پارٹی کے امیدواروں کیخلاف میدان میں اترنے کیلئے پر تولنے لگے ہیں۔ سب سے دلچسپ صورتحال این اے 98 میں ہے جہاں ن لیگی امیدوار سابق ایم این اے علی گوہر بلوچ کیخلاف ان کی بھاوج عائشہ رجب بلوچ آزاد حیثیت میں میدان میں کود پڑی ہیں۔ عائشہ رجب کے شوہر رجب علی بلوچ بھی اسی حلقے سے 2013 اور 2002 میں ایم این اے رہے ہیں جبکہ عائشہ رجب بھی 2018 میں مخصوص نشستوں پر ایم این اے رہیں۔ این اے 96 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کیلئے پی ٹی آئی سے منحرف ہو کر آنے والے نواب شیر وسیراور ن لیگ کے سابق ایم این اے طلال بدر چوہدری مقابل ہیں۔ طلال چوہدری نے نواب شیر وسیر کو متوقع طور پر ٹکٹ ملنے پر اپنے والد اور چچا کو آزاد میدان میں اتارنے کی تیاری کررکھی ہے۔ پی پی 106 میں مسلم لیگ ن نے ابھی ٹکٹ فائنل نہیں کیا تاہم یہاں سے آئی پی پی کے رہنما سابق ایم پی اے چوہدری علی اختر کو ٹکٹ دینے کی شنید ہے تاہم ان کے خلاف مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما کے ایک گروپ نے باقاعدہ محاذ بنا لیا ہے۔ پی پی 112 میں سابق وزیر مملکت رانا محمد افضل مرحوم کے صاحبزادے احسان افضل بھی ٹکٹ نہ ملنے پر چراغ پا ہیں اور آزاد الیکشن لڑنے کیلئے مشاورت کررہے ہیں۔ پی پی 107 میں سابق ایم پی اے سیف اللہ گل بھی ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض ہیں اور آزاد الیکشن لڑنے کی تیاری میں ہیں۔

ای پیپر دی نیشن