لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے ضم شدہ قبائلی علاقوں کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔ معدنیات، سیاحت اور باصلاحیت نوجوانوں کی نعمت سے مالامال صوبہ میں چاروں طرف غربت ناچ رہی ہے۔ خیبرپی کے کو سی پیک میں حصہ ملا نہ ہی سیلاب اور دہشت گردی سے شدید متاثر عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔ دیر، چترال ایکسپریس لائن اور انڈسٹریل سٹی بنانے کی باتیں کاغذوں تک محدود رہیں۔ سابقہ حکومتوں نے کے پی کو محروم رکھا، مرکز نے صوبے سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر کے پی کے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے گی۔ امن قائم کر کے خوشحالی اور ترقی کے دروازے کھولیں گے۔ بطور سابق فنانس منسٹر صوبے کو قرض فری بنایا، عوامی خدمت کی مثالیں قائم کیں۔ سیلاب کے دوران جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان کے پی میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروف رہے جس کی عالمی سطح پر تحسین ہوئی۔ عوام 8فروری کو ترازو پر مہر لگا کر پْرامن ترقی یافتہ خیبرپی کے اور اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھیں۔ الیکشن قوم کے لیے اپنی حالت بدلنے کا بہترین موقع ہے۔ جماعت اسلامی صاف، شفاف اور شیڈول کے مطابق الیکشن چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دیرپائن کی تحصیل خال میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ اسلامی ممالک مل کر غزہ کو محفوظ بنانے کے لیے اجتماعی اقدامات کریں، فلسطین کے عوام کی سکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانا حکمرانوں کا فرض ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر نظریہ پاکستان کے مطابق ملک کی تشکیل کرے گی۔ قرآن و سنت کا نظام رائج کر کے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ بنائیں گے۔ عوام سے اپیل ہے کہ الیکشن میں جماعت اسلامی کی اہل اور ایمان دار قیادت کا انتخاب کرے۔