لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان عوامی تحریک کے درمیان انتخابی تعاون کا امکان ہے۔ دوسری طرف چودھری سرور نے بلاول کو حلقہ این اے 127 میں حمایت کا یقین دلا دیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن جائیں گے، جہاں انکی پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات ہو گی۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ نیئر حسین بخاری اور سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی ہوں گے۔ دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز ڈیفنس میں سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے چوہدری محمد سرور سے ان کے بھائی چوہدری محمد رمضان کے انتقال پر تعزیت کی اور چوہدری محمد رمضان کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو نے این اے 127 میں الیکشن سپورٹ حاصل کرنے کی درخواست کی۔ چودھری سرور نے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔
بلاول کی عوامی تحریک رہنماؤں سے آج ملاقات، چودھری سرور نے حمایت کا یقین دلا دیا
Jan 12, 2024